جاننا ضروری ہے

0
مصنف :
موضوع :
 - 
صدقہ کی تعریف اور اقسام

س… صدقہ کی تعریف کیا ہے؟ اور اس کی کتنی اقسام ہیں؟
ج… جو مال اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے اللہ کی راہ میں غرباء و مساکین کو دیا جاتا ہے یا خیر کے کسی کام میں خرچ کیا جاتا ہے، اسے “صدقہ” کہتے ہیں، صدقہ کی تین قسمیں ہیں: ۱:فرض، جیسے زکوٰة۔ ۲:واجب، جیسے نذر، صدقہٴ فطر اور قربانی وغیرہ۔ ۳:نفلی صدقات، جیسے عام خیر خیرات۔

س… خیرات، صدقہ اور نذر و نیاز میں کیا فرق ہے؟
ج… صدقہ و خیرات تو ایک ہی چیز ہے، یعنی جو مال اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لئے کسی خیر کے کام میں خرچ کیا جائے وہ صدقہ و خیرات کہلاتا ہے، اور کسی کام کے ہونے پر کچھ صدقہ کرنے کی یا کسی عبادت کے بجا لانے کی منّت مانی جائے تو اس کو “نذر” کہتے ہیں۔ نذر کا حکم زکوٰة کا حکم ہے، اس کو صرف غریب غرباء کھاسکتے ہیں، غنی نہیں کھاسکتے، نیاز کے معنی بھی نذر ہی کے ہیں۔

س… صدقہ اور منّت میں کیا فرق ہے؟
ج… نذر اور منّت اپنے ذمہ کسی چیز کے لازم کرنے کا نام ہے، مثلاً: کوئی شخص منّت مان لے کہ میرا فلاں کام ہوجائے تو میں اتنا صدقہ کروں گا، کام ہونے پر منّت مانی ہوئی چیز واجب ہوجاتی ہے۔ اور کوئی آدمی بغیر لازم کئے اللہ کے راستے میں خیر خیرات کرے تو اس کو صدقہ کہتے ہیں، گویا منّت بھی صدقہ ہی ہے، مگر وہ صدقہٴ واجبہ ہے، جبکہ عام صدقات واجب نہیں ہوتے۔


س… نذر اور منّت کی تعریف کیا ہے؟ اور ان میں اگر کوئی فرق ہو تو واضح فرمائیں۔
ج… نذر کے معنی ہیں کسی شرط پر کوئی عبادت اپنے ذمہ لے لینا، مثلاً: اگر فلاں کام ہوجائے تو میں اتنے نفل پڑھوں گا، اتنے روزے رکھوں گا، بیت اللہ کا حج کروں گا، یا اتنی رقم فقراء کو دوں گا وغیرہ، اسی کو منّت بھی کہا جاتا ہے۔
منّت اور نذر کا گوشت نہ خود استعمال کرسکتا ہے، نہ کسی غنی کو دے سکتا ہے، بلکہ اس کا گوشت فقراء پر تقسیم کرنا ضروری ہے۔


س… ہمارے مذہب میں منّت ماننا کیسا ہے؟ اور اس کے الفاظ کیا ہونے چاہئیں؟ اور کن کن صورتوں میں منّت ماننی چاہئے؟
ج… شرعاً منّت ماننا جائز ہے، مگر منّت ماننے کی چند شرطیں ہیں، اوّل یہ کہ منّت اللہ تعالیٰ کے نام کی مانی جائے، غیراللہ کے نام کی منّت جائز نہیں، بلکہ گناہ ہے۔ دوم یہ کہ منّت صرف عبادت کے کام کی صحیح ہے، جو کام عبادت نہیں اس کی منّت بھی صحیح نہیں، سوم یہ کہ عبادت بھی ایسی ہو کہ اس طرح کی عبادت کبھی فرض یا واجب ہوتی ہے، جیسے نماز، روزہ، حج، قربانی وغیرہ، ایسی عبادت کہ اس کی جنس کبھی فرض یا واجب نہیں، اس کی منّت بھی صحیح نہیں، چنانچہ قرآن خوانی کی منّت مانی ہو تو وہ لازم نہیں ہوتی۔

س… محترم! میری ایک دوست ہے غیرشادی شدہ، اس کی پھوپھی کی شادی کو کافی عرصہ گزر گیا، وہ ابھی تک اولاد جیسی نعمت سے محروم ہیں۔ ایک دن میری دوست کے ذہن میں یہ خیال آتا ہے کہ پھوپھی یہ کہیں کہ میرے ہاں (پھوپھی کے ہاں) اولاد ہوگئی تو میں بچوں کا سامان کسی کو بھی دے دوں گی۔ اس کے بعد اس کے ذہن میں یہ خیال آتا ہے کہ یہ منّت تم نے اپنے لئے مانی ہے۔ لیکن یہ خیال آتے ہی میری دوست نے خدا سے توبہ کرلی ہے، اور اس کا ذہن اس ساری چیز کو قبول نہیں کرتا۔ میری دوست آج کل بہت پریشان ہے۔ مہربانی فرماکر مولانا صاحب! آپ یہ فرمائیں کہ اس طرح صرف ذہن میں خیال آنے سے منّت ہوجاتی ہے کہ نہیں؟ جبکہ لوگ کہتے ہیں کہ صرف خیال آنے سے منّت نہیں ہوتی۔
ج… صرف کسی بات کا خیال آنے سے منّت نہیں ہوتی، بلکہ زبان سے ادا کرنے کے ساتھ ہوتی ہے۔

س… علماء سے شنید ہے کہ صدقہ رَدِّ بلا ہے، صدقہ ہر مرض کا علاج ہے، کیا یہ دُرست ہے؟ کسی شخص کو سایہ کا دورہ پڑتا ہے، جادُو کی تکلیف ہے، تو کیا صدقہ کرنے سے اس کی تکلیف یا دورہ میں فرق پڑے گا؟ کسی تکلیف کے لئے صدقہ کس طرح کرنا چاہئے؟ کیا صدقہ کی منّت ماننی بھی جائز ہے؟ مثلاً: اے خدا! اگر فلاں تکلیف اتنے عرصے میں دُور ہوجائے تو میں اتنا صدقہ کروں گا، جائز ہے؟ ایک شخص کہتا ہے کہ اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ اللہ رشوت لے کر تکلیف دُور کرتا ہے، اگر صدقہ ہر مرض کا علاج ہے، صدقہ کرنے سے تکلیف پریشانی دُور ہوتی ہے، تو پھر گنجاپن بھی ایک بیماری ہے، تو کیا صدقہ کرنے سے سر پر بال اُگ آویں گے؟ صدقہ صرف غریبوں کا حق ہے یا مسجد میں بھی دیا جاسکتا ہے؟ مہربانی فرماکر صدقے کے بارے میں مندرجہ بالا سوالات کا مفصل جواب تحریر فرمادیں، صدقے سے کون سی تکلیف بیماری دُور ہوسکتی ہے اور کس طرح کرنا چاہئے؟
ج… صدقہ رَدِّ بلا کا ذریعہ ہے، لیکن “ہر مرض کا علاج ہے” یہ میں نے نہیں سنا، جو مصائب و تکالیف اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کی وجہ سے پیش آتی ہیں وہ صدقہ سے ٹل جاتی ہیں، کیونکہ صدقہ اللہ تعالیٰ کے غصّے کو ٹھنڈا کرتا ہے، منّت ماننا جائز ہے، مگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو پسند نہیں فرمایا، اس لئے بجائے منّت ماننے کے صدقہ کرنا چاہئے، غریبوں اور محتاجوں کی خدمت بھی صدقہ ہے، اور مسجد کی خدمت بھی صدقہ ہے، مگر صدقہ پاک مال سے ہونا چاہئے، ناپاک اور حرام مال میں سے کیا ہوا صدقہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں قبول نہیں ہوتا۔

س… کیا امام جعفر صادق کی نیاز اور گیارہویں کا کھانا حرام ہے؟ کیا اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی غیر کی نیاز نہیں ہوتی؟
ج… غیراللہ کے نام جو نیاز دی جاتی ہے، اگر اس سے مقصود اس بزرگ کی رُوح کو ایصالِ ثواب ہے، یعنی اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے جو صدقہ کیا جائے اس کا ثواب اس بزرگ کو بخش دینا مقصود ہو، تو یہ صورت تو جائز ہے، اور اگر محض اس بزرگ کی رضا حاصل کرنے کے لئے اس کے نام کی نذر نیاز دی جائے تاکہ وہ خوش ہوکر ہمارے کام بنائے، تو یہ ناجائز اور شرک ہے۔

س… کیا یہ صحیح ہے کہ ایک بکری کسی زندہ یا وفات شدہ کے نام کردیں اور پھر اس کو ذبح کریں تو اس کا کھانا جائز ہے؟ یا ایسا کہے کہ میرا یہ فلاں کام ہوگیا تو میں یہ بکری اس ولی اللہ کے نام پر ذبح کروں گا؟
ج… بکری کسی بزرگ کے نام کردینے سے اگر یہ مراد ہے کہ اس صدقے کا ثواب اس بزرگ کو پہنچے تو ٹھیک ہے، اور اس بکری کا گوشت حلال ہے، جبکہ وہ اللہ تعالیٰ کے نام پر ذبح کی گئی ہو، اور اگر اس بزرگ کے نام چڑھاوا مقصود ہے تو یہ شرک ہے، اور وہ بکری حرام ہے، اِلَّا یہ کہ نذر ماننے والا اپنے فعل سے توبہ کرکے اپنی نذر سے باز آجائے۔

س… اگر کوئی خاتون یہ منّت مانے کہ اگر میرا فلاں کام پورا ہوجائے تو خاتونِ جنت کی کہانی سنوں گی۔ میں نے بھی تین سو دفعہ خاتونِ جنت کی کہانی سننے کی منّت مان رکھی ہے، لیکن تین سو دفعہ سننا دُشوار ہو رہا ہے، آپ کوئی حل بتلائیں۔
ج… خاتونِ جنت کی کہانی من گھڑت ہے، نہ اس کی منّت دُرست ہے، نہ اس کا پورا کرنا جائز، آپ اس منّت سے توبہ کریں، اس کے پورا نہ کرنے کی وجہ سے پریشان نہ ہوں۔

س… میری والدہ نے نیت کی تھی کہ میری شادی ہوجائے گی تو وہ مجھے اور میری دُلہن کو لے کر لال شہباز قلندر کے مزار پر سلامی کے لئے جائیں گی، اب شادی ہوگئی ہے، لیکن میں خواتین کے مزار پر جانے کا مخالف ہوں، شریعت کی رُو سے مجھے کیا کرنا چاہئے؟
ج… ایسی منّت ماننا صحیح نہیں، اور اس کا پورا کرنا بھی دُرست نہیں، اس لئے آپ سلامی دینے کے لئے اپنی بیوی کو مزار پر لے کر ہرگز نہ جائیں۔


س… اگر بیماری سے شفا کے لئے منّت اللہ سے مانی جائے، تو کیا یہ دُرست و جائز ہے؟ کیا یہ اللہ سے شرط کرنا نہیں ہوگا؟
ج… صحت کے لئے منّت ماننا جائز ہے، مگر اس سے بہتر یہ ہے کہ بغیر منّت کے صدقہ و خیرات کی جائے اور اللہ تعالیٰ سے صحت کی دُعا کی جائے۔


س… ہم نے اللہ کے نام پر کچھ پکاکر تقسیم کرنے کا ارادہ کیا، اور وہ اللہ کے حکم سے پورا ہوگیا، پکانے کے دوران لکڑی کی کمی ہوگئی، اور کسی پریشانی یا کسی وجہ سے لکڑی نہ مل سکی، تو ہم نے کسی گراوٴنڈ سے تھوڑی سی لکڑی اُٹھالی، کام پورا ہوگیا، لکڑی کے مالک کو ڈھونڈنا پریشان کن تھا، اس لئے لکڑی کے وزن کے مطابق جو رقم بنتی تھی وہ خیرات کردی، کیا چیز جو تقسیم کی گئی وہ حرام ہوگئی؟
ج… اللہ کے نام پر جو چیز دینی ہو اتنی رقم چپکے سے کسی مستحق کو دے دینی چاہئے، پکاکر کھلانا کوئی ضروری نہیں، اور پرائی لکڑی اُٹھاکر اللہ کے نام کی چیز پکانا جائز نہیں، جس کی لکڑیاں تھیں اس کو تلاش کرکے ان لکڑیوں کی قیمت ادا کی جائے، یا اس سے معافی مانگی جائے۔

س… بہت سے لوگوں کو دیکھا ہے کہ وہ رشوت، سود، ناجائز تجارت، حرام کاروبار وغیرہ سے روپیہ جمع کرتے ہیں اور پھر اس سے صدقہ و خیرات کرتے ہیں، اور حج بھی کرتے ہیں۔ پوچھنا یہ ہے کہ حرام روپیہ تو کمانا گناہ ہے، پھر اس روپے سے صدقہ وغیرہ جائز ہے؟
ج… مالِ حرام سے صدقہ قبول نہیں ہوتا، بلکہ اُلٹا موجبِ وبال ہے، حدیث شریف میں ہے کہ:
“اللہ تعالیٰ پاک ہیں اور پاک ہی چیز کو قبول کرتے ہیں۔”
حرام اور ناجائز مال کا صدقہ کرنے کی مثال ایسی ہے کہ کوئی شخص گندگی کا ٹوکرا کسی بادشاہ کو ہدیہ کے طور پیش کرے، ظاہر ہے کہ اس سے بادشاہ خوش نہیں ہوگا، اُلٹا ناراض ہوگا۔


س… صدقے کے بارے میں علمائے کرام سے سنا ہے کہ اس طرح دیا جائے کہ دُوسرے ہاتھ کو علم نہ ہو۔ “دُوسرے ہاتھ” سے مراد، دُوسرا آدمی ہے، کیا اگر ایک آدمی صدقہ دینا چاہتا ہے اور وہ خود باہر کے ملک میں کاروبار کر رہا ہے، جس آدمی کو صدقہ دینا چاہتا ہے اس کا کوئی ایڈریس نہیں ہے، (بیوہ عورت ہے) وہ کس طرح اس کو دے گا؟ اگر صدقے کی رقم اپنی بیوی کے ذریعے دینا چاہے تو کیا اس صدقے میں کوئی حرج تو نہیں؟ جبکہ بیوی خاوند کے حقوق مساوی ہیں اس طرح صدقہ ہوجائے گا یا نہیں؟ اس کا متبادل حل بتائیں۔
ج… جو صورت آپ نے لکھی ہے، اس کے مطابق بیوی کے ذریعے صدقہ دینے میں کوئی حرج نہیں، “ایک ہاتھ سے دیا جائے تو دُوسرے ہاتھ کو پتہ نہ چلے” سے مقصود یہ ہے کہ نمود و نمائش اور ریاکاری نہیں ہونی چاہئے، اور گھر کے معتمد علیہ فرد کے ذریعے صدقہ دینا ریاکاری نہیں۔


س… کیا صدقے میں کالا مرغا یا کسی رنگ و نسل کا مرغا دینا جائز ہے؟ اس کی شرعی حیثیت کیا ہے؟
ج… جو چیز رضائے الٰہی کے لئے فی سبیل اللہ دی جائے وہ صدقہ کہلاتی ہے، نفلی صدقہ کم یا زیادہ اپنی توفیق کے مطابق آدمی کرسکتا ہے، صدقہ سے بلائیں دُور ہوجاتی ہیں، صدقے میں بکرے یامرغ کا ذبح کرنا کوئی شرط نہیں اور نہ کسی رنگ و نسل کی قید ہے، بعض لوگ جو اس قسم کی قیود لگاتے ہیں وہ اکثر بددین ہوتے ہیں۔


س… میری والدہ صاحبہ نے میری نوکری کے سلسلے میں منّت مانی تھی کہ اگر میرے بیٹے کو مطلوبہ جگہ نوکری مل گئی تو میں اللہ کے نام پر قربانی کروں گی، الحمدللہ نوکری مل گئی، خدا کا شکر ہے۔ لیکن کافی عرصہ گزرگیا، ابھی تک منّت پوری نہیں کی، اس میں سستی اور دیر ضرور ہوئی ہے، لیکن اس میں ہماری نیت میں کوئی فتور نہیں، صرف یہ مطلوب ہے کہ اس کا طریقہٴ کار کیا ہو جو صحیح اور عین اسلامی ہو۔ اس میں اختلافِ رائے یہ ہے کہ جس جانور کی قربانی کی جائے اس کا گوشت رشتہ داروں، گھر کے افراد کے لئے ناجائز ہے، یہ پورا کا پورا غریب و مسکین یا کسی دارالعلوم مدرسہ کو دے دینا چاہئے۔
ج… آپ کی والدہ کے ذمہ قربانی کے دنوں میں قربانی واجب ہے، اور اس گوشت کا فقراء پر تقسیم کرنا لازمی ہے، منّت کی چیز غنی اور مال دار لوگ نہیں کھاسکتے، جس طرح کہ زکوٰة اور صدقہٴ فطر مال داروں کے لئے حلال نہیں۔

س… میں نے منّت مانی تھی کہ اگر میری مراد پوری ہوگئی تو میں روزے رکھوں گا اور صدقہ دوں گا وغیرہ۔ اس سلسلے میں پوچھنا یہ ہے کہ مجھے صحیح طرح یاد نہیں ہے کہ میں نے کتنے روزوں کی منّت مانی تھی اور صدقے میں کیا دینا ہے؟ تو کیا میں دوبارہ کسی چیز کی نیت کرسکتا ہوں (یعنی صدقہ وغیرہ یا نفل نماز یا روزے وغیرہ کی تعداد یا پیسوں کی مقدار دوبارہ معین کرسکتا ہوں کہ نہیں؟) یہ واضح رہے کہ ابھی میری مراد پوری نہیں ہوئی، میں چاہتا ہوں کہ جو بھی منّت مانوں، اسے پورا کروں، اس لئے لکھ کر اپنے پاس رکھ لوں تاکہ یاد رہ سکے، یا پھر مجھے پہلے والی منّت پوری کرنی ہوگی؟
ج… جس کام کے لئے آپ نے منّت مانی تھی اگر وہ پورا نہیں ہوا تو منّت لازم نہیں ہوتی، اگر آپ نے یوں کہا تھا کہ اتنے روزوں رکھوں گا یا اتنا صدقہ دوں گا، تب تو کام پورا ہوجانے کی صورت میں آپ کو اتنے ہی روزے رکھنے ہوں گے اور صدقہ دینا ہوگا، اور اگر یاد نہیں تو غور و فکر کے بعد جو مقدار ذہن میں آئے اس کو پورا کرنا ہوگا، اور اگر یوں کہا تھا کہ کچھ روزے رکھوں گا یا کچھ صدقہ دوں گا، تو اب اس کا تعین کرسکتے ہیں۔


س… کچھ دن پہلے میری بڑی بہن (غیرشادی شدہ) نے مجھے چار سو روپے بکرا صدقہ کرنے کے لئے دئیے، اور ساتھ ہی یہ نصیحت کی کہ یہ روپے تمہارے روپوں میں شامل نہ ہوں۔ میں نے یہ روپے الگ رکھنے کی غرض سے موڑ کر جیب میں رکھ لئے کہ صبح بکرا صدقہ کروادوں گا۔ لیکن اتفاق سے یہ روپے اسی رات کو میری جیب سے کہیں نکل گئے، میرے اندازے سے یہ روپے موٹرسائیکل پر جاتے ہوئے جیب میں الگ ہونے کی وجہ سے نکل کر کہیں اُڑ گئے ہیں۔ اس طرح میری بہن نے جو رقم صدقے کے لئے نکالی تھی، وہ اس مقصد کے لئے استعمال نہ ہوئی۔ آپ سے یہ پوچھنا ہے کہ ایسی صورت میں صدقہ ہوگیا یا نہیں جبکہ نیت بالکل صاف تھی؟ اور حدیث میں بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ تمہاری نیتوں کو دیکھتا ہے۔ اگر میں چاہوں تو اپنی جیب خرچ سے پیسے بچاکر اتنی ہی رقم دوبارہ جمع کرکے صدقہ کرسکتا ہوں۔ برائے مہربانی میری اس سلسلے میں رہنمائی فرمائیں کیونکہ جس دن سے روپے کھوئے ہیں، میں شدید ذہنی اُلجھن کا شکار ہوں۔
ج… آپ کے ذمہ ان پیسوں کا ادا کرنا لازم نہیں، اگر آپ کی بہن نے نفلی صدقے کے لئے دئیے تھے تو ان کے ذمہ کچھ لازم نہیں، اور اگر نذر مانی تھی تو ان کے ذمہ اس نذر کا پورا کرنا لازم ہے۔


س… میں نے ایک مشکل وقت خدا کے حضور کامیابی کے لئے مبلغ گیارہ روپے کی شیرینی مانی تھی، اب میں وہ رقم مسجد کی تعمیر میں خرچ کرنا چاہتا ہوں، آیا دُرست ہے یا مجھے مٹھائی وغیرہ لے کر تقسیم کرنی پڑے گی؟
ج… کسی محتاج کو اتنی رقم دے دی جائے۔

س… ہمارے علاقے میں اگر میّت ہوجائے تو اس کے پیچھے جو صدقہ دیا جاتا ہے وہ مسجد میں استعمال کرتے ہیں، کیا ایسا کرنا جائز ہے یا نہیں؟ ہم اس صدقے کو ضروریاتِ مسجد میں صرف کرسکتے ہیں؟
ج… اگر میّت نے مسجد میں خرچ کرنے کی وصیت کی ہو یا اس کے وارث (بشرطیکہ وہ عاقل بالغ ہوں) خود میّت کی طرف سے مسجد میں خرچ کرتے ہیں تو یہ صحیح ہے، اور صدقہٴ جاریہ میں شمولیت ہے۔

س… اگر کوئی شخص منّت مانے کہ میرا فلاں کام ہوگیا تو میں روزہ رکھوں گا یا نفل وغیرہ پڑھوں گا، تو وہ شخص یہ کام منّت پوری ہونے سے پہلے کرے یا بعد میں کرے؟
ج… اللہ تعالیٰ کے نام کی منّت ماننا جائز ہے، اور کام ہونے کے بعد منّت کا پورا کرنا لازم ہوتا ہے، پہلے نہیں۔ اور کام کے پورا ہونے سے پہلے اس منّت کا ادا کرنا بھی صحیح نہیں، پس اگر منّت کا روزہ پہلے رکھ لیا اور کام بعد میں پورا ہوا تو کام ہونے کے بعد روزہ دوبارہ رکھنا لازم ہوگا۔

س… کسی آدمی نے منّت مانی تھی کہ میرا فلاں کام پورا ہوگیا تو میں ہر سال محرّم کے مہینے میں یا کسی اور مہینے میں ایک روزہ رکھوں گا، اس کی منّت پوری ہوگئی، روزہ تو ہر سال اپنے مقرّرہ مہینے میں رکھتا ہے، مگر بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ منّت کا روزہ اکیلا ایک نہیں رکھا جاتا، دو لگاتار رکھے۔ برائے مہربانی اس سلسلے میں از رُوئے شریعت روشنی ڈالیں تاکہ شک دُور ہو، اگر دو روزے لگاتار رکھنے تھے تو گزشتہ جتنے سالوں کے روزے رکھے ہوں ان کا کفارہ کس طرح ادا کیا جائے؟
ج… اگر ایک ہی روزے کی منّت مانی تھی تو ایک روزہ واجب ہے، دُوسرا مستحب، اس کی قضا رکھنے کی ضرورت نہیں۔

س… ایک آدمی صدقے میں بکرا ذبح کرتا ہے، اور وہ گوشت آس پاس پڑوسیوں میں بانٹتا ہے، آیا وہ گوشت گھر میں بھی کھلاسکتا ہے یا کہ نہیں؟ آپ شرعی دلیل پیش کریں کہ صدقے کے بکرے کا گوشت گھر میں استعمال ہوسکتا ہے یا کہ نہیں؟
ج… بکرا ذبح کرنے سے صدقہ نہیں ہوتا بلکہ فقراء و مساکین کو دینے سے صدقہ ہوتا ہے، اس لئے جتنا گوشت محتاجوں کو تقسیم کردیا اتنا صدقہ ہوگیا اور جو گھر میں کھالیا وہ نہیں ہوا، البتہ اگر نذر مانی ہوئی تھی تو اس پورے بکرے کا محتاجوں پر صدقہ کرنا واجب ہے، نہ مال دار پڑوسیوں کو دینا جائز ہے اور نہ گھر میں کھانا جائز ہے۔

س… فرنٹیر کے دیہاتی علاقوں میں رسوماتی روایات جاری ہیں، جن میں پڑھے لکھے لوگ بھی شامل ہیں، ہمارے گاوٴں سے جو لوگ بیرونی ممالک میں مزدوری کرتے ہیں یا نوکری سے واپسی پر چھٹی کے دوران ایک دو یا زائد گائے یا بیل صدقہ کرتے ہیں، مگر وہ کہتے ہیں کہ میں نے گشتی مانی تھی جو کر رہا ہوں (داد صدقہ) اس کی تقسیم اس طرح ہوتی ہے کہ گوشت کو تین حصوں میں بانٹ دیا جاتا ہے، جس کے لئے کوئی پیمانہ یا اوزان نہیں ہوتا، انداز ہوتا ہے، ایک حصہ گھر کے لئے رکھ دیا جاتا ہے، باقی دو کو اکٹھا ملاکر چھوٹا کاٹ لیتے ہیں اور رشتہ داری میں ہر گھر میں فی کس آدھا کلوگرام کے حساب سے دیتے ہیں، زیادہ قرابت داروں کو بغیر حساب کے بھی دیا جاتا ہے، اس وقت جو غیر لوگ موجود ہوتے ہیں انہیں صرف آدھا کلوگرام کے حساب سے دیا جاتا ہے، باقی گوشت گھر کے لئے رکھ دیا جاتا ہے، جبکہ گائے یا بیل کا چمڑا، سر اور اندرونی گوشت مثلاً: دِل، کلیجہ، گردے، پھیپھڑے اور تھوڑا بہت دُوسرا اچھا گوشت پہلے ہی اپنے گھر کے لئے رکھ دیا جاتا ہے۔ ہمیں اختلاف ہے، اگر وہ صدقہ ہے تو اس کو گشتی کا نام کیوں دیا جاتا ہے؟ پھر اگر صدقہ تصوّر کرکے دیا جاتا ہے تو کیا اس کا یہ طریقہ دُرست ہے؟ خدا اسے منظور کرلیتا ہے؟
ج… “گشتی” کا مطلب تو میں سمجھا نہیں، اگر یہ نذر ہوتی ہے تو پورے کا صدقہ کرنا ضروری ہے، خود کھانا یا امیروں کو دینا جائز نہیں، اور اگر ویسے ہی صدقہ ہوتا ہے تو جتنا گوشت فقراء کو تقسیم کردیا وہ صدقہ ہے اور جو گھر میں رکھ لیا وہ صدقہ نہیں۔

س… میری ہمشیرہ نے یہ منّت مانی تھی کہ اگر میرا کام ہوگیا تو میں اللہ کے نام پر بکرا ذبح کروں گی، لہٰذا اب ان کا کام ہوگیا ہے، اور وہ اپنی منّت پوری کرنا چاہتی ہیں اور اللہ کے نام کا بکرا کرنا چاہتی ہیں، تو کیا اس بکرے کا گوشت عزیز و رشتہ دار اور گھر والے استعمال کرسکتے ہیں یا نہیں؟ براہِ کرم رہبری فرمائیں۔
ج… منّت کی چیز کو صرف غریب غرباء کھاسکتے ہیں، عزیز و اقارب اور کھاتے پیتے لوگوں کو اس کا کھانا جائز نہیں، ورنہ منّت پوری نہیں ہوگی۔

س… آپ نے جمعہ ایڈیشن میں ایک سوال کے جواب میں ارشاد فرمایا تھا کہ منّت کا گوشت پورے کا پورا اللہ کی راہ میں تقسیم کرنا چاہئے، یہ خود کھانا یا رشتہ داروں کو کھلانا ناجائز ہے، کیا دُوسری چیزوں کے متعلق بھی یہی حکم ہے؟ مثلاً: اگر کوئی شخص بکرے کے علاوہ کسی چیز کی منّت مانتا ہے تو کیا وہ بھی ساری کی ساری اللہ کی راہ میں تقسیم کرنی چاہئے؟
ج… جی ہاں! نذر کی تمام چیزوں کا یہی حکم ہے کہ ان کو غریب غرباء پر تقسیم کردیا جائے، غنی (مال دار) لوگوں کا اس کو کھانا جائز نہیں، اور نذر ماننے والا اور اس کے اہل و عیال خود بھی اس کو نہیں کھاسکتے۔

س… میری والدہ سخت بیمار تھیں، میں نے منّت مانی تھی کہ اگر والدہ کا آپریشن ٹھیک ٹھاک ہوگیا تو سو نفل پڑھوں گا، مگر اس کے بعد میں نے صرف ۴۸ نفل پڑھے اور باقی نہیں پڑھے، بتائیے اب کیا کروں؟
ج… اگر آپ کی والدہ کا آپریشن ٹھیک ہوگیا تھا تو سو نفل آپ کے ذمہ واجب ہوگئے، اپنی منّت کو پورا کرنا واجب ہے، اس لئے باقی بھی پڑھ لیجئے۔

س… اگر کسی مشکل کے لئے نوافل مانے ہوں اور انسان یہ بھول جائے کہ معلوم نہیں کتنے نفل مانے تھے؟ اور کس مقصد کے لئے مانے گئے تھے؟ اگر اب پڑھنے ہوں تو ان کی نیت کیسے کی جائے اور تعداد کیسے معلوم ہو؟ کیا ہم ان نوافل کے بجائے کوئی صدقہ وغیرہ کرسکتے ہیں؟
ج… اتنے نفل ہی پڑھے جائیں، ذرا حافظے پر زور ڈال کر یاد کیا جائے، جتنے نفلوں کا خیال غالب ہو اتنے پڑھ لئے جائیں، نفل ہی پڑھنا واجب ہے، ان کی جگہ صدقہ دینے سے وہ منّت پوری نہیں ہوگی۔

س… جب ہم کسی کام کے پورا ہونے کے لئے منّت مانتے ہیں کہ فلاں کام پورا ہونے پر ہم قرآن شریف ختم کروائیں گے، اس کے لئے محلہ والوں کو بلاکر حافظوں سے قرآن شریف ختم کروایا جاتا ہے، میں آپ سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ اکیلا آدمی قرآن شریف ختم کرسکتا ہے؟ اور یہ کہ کتنے دنوں کے اندر قرآن شریف ختم کرنا چاہئے؟
ج… منّت کے لازم ہونے کی حضراتِ فقہاء نے خاصی شرطیں لکھی ہیں، اگر وہ شرطیں نہ پائی جائیں تو منّت لازم نہیں ہوتی، ان شرطوں کے مطابق اگر کسی نے یہ منّت مانی کہ میرا فلاں کام ہوجائے تو میں قرآن شریف ختم کراوٴں گا، تو اس سے منّت بھی لازم نہیں ہوتی، اور اس کا پور اکرنا واجب نہیں۔

س… کیا گیارہویں اور بارہویں شریف پر روشنی کرنا، ان دنوں فاتحہ کرنا، یا نذر و نیاز کرنا باعثِ ثواب، خیر و برکت ہے؟ اور نہ کرے تو گناہ تو نہیں ہے؟
ج… مختصر یہ ہے کہ شریعت نے صدقہ خیرات اور ایصالِ ثواب کی ترغیب دی ہے، مگر یہ طریقے لوگوں کے خود تراشیدہ ہیں، اس لئے ان چیزوں کا کرنا جائز نہیں، اور ناجائز چیز کی نذر ماننا بھی گناہ ہے، اور اس غلط نذر کو پورا کرنا بھی گناہ ہے۔

Post a Comment

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔


اوپرجائیں